PDA

View Full Version : انقلابی سیاستدان معراج محمد خان چل بسے



سید انور محمود
07-22-2016, 09:52 AM
تاریخ: 22 جولائی۔ 2016

انقلابی سیاستدان معراج محمد خان چل بسے
1902
اٹھو میری دنیا کے غریبوں کو جگا دو
کاخِ امراء کے در و دیوار ہلا دو

غریبوں کو جگانے والے سینئر سیاستدان معراج محمدخان جمعرات 21 جولائی 2016 کو رضائے الٰہی سے کراچی میں 78سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ معراج محمد خان پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رکن تھے۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین ذوالفقارعلی بھٹو نے اپنے جو دو جانشین نامزدکیے تھے، مرحوم معراج محمد خان ان میں سے ایک تھے۔بعدازاں معراج محمدخان نے اپنی تنظیم قومی محاذآزادی بنائی۔ اس کے بعدوہ پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری بنے، لیکن عمران خان سے اختلافات کے بعد انہوں نے نہ صرف تحریک انصاف بلکہ عملی سیاست سے بھی کنارہ کشی اختیارکرلی تھی۔ مرحوم نے ہمیشہ غریب اورکچلے انسانوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کی۔مرحوم اپنے بائیں بازوکی نظریات کی وجہ سے پہچانے جاتے تھے۔ مرحوم پی ایف یو جے کے سابق صدراورصحافیوں کے رہنمامہناج برنا اورمعروف شاعر دکھی پریم نگری(وہاج محمد خان)کے چھوٹے بھائی تھے۔بائیں بازوکے حلقوں میں انہیں بڑی قدرکی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔