PDA

View Full Version : انکل بے باک جی کا انٹرویو



سیما
04-26-2012, 01:06 PM
http://farzana.files.wordpress.com/2008/04/green-butterfly-1.gif?w=460
السلام علیکم

آپ کا مکمل اِسمِ گرامی ؟

2. آپ کی تاریخِ پیدائش ؟

3. کیا آپ پاکستان میں اقامت پذیر ہیں ؟ نہیں تو پھر کس ملک اور شہر میں؟

4. آپ کی تعلیمی قابلیت کیا ہے ؟

5. آپ کا پیشہ کیا ہے ؟ اگر طالب علم ہے تو کس شعبے میں اور کہاں زیرِ تعلیم ہیں ؟

6. مالی اعتبار سے آپ کتنے مستحکم ہیں ؟ مضبوط درجہ، درمیانہ درجہ ، کمزور درجہ

7. والدین بقید حیات ہیں ؟

8. بہن بھائیوں میں آپ کا کونسا نمبر ہے ؟

9. آپ اجتماعیت پسند ہیں یا انفرادیت پسند؟

10. گرامی قدر کے مزاج میں نری سنجیدگی ہی سنجیدگی ہے یا مزاح بھی پایا جاتا ہے یا پھر دونوں وقت کی ضرورت کے لحاظ سے ؟

11. کتنی زبانوں سے آپ کو آشنائی ہے اور کتنی پر عبور حاصل ہے ؟اور ان میں سے پسندیدہ کونسی ہے ؟

12. اپنے پسندیدہ کھیلوں کے نام اور پسندیدگی کی وجہ ذکر کریں۔

13. اپنے من پسند کھانوں سے ہمیں بھی متعارف کروائیے ؟

14. آپ کے روزمرہ کے مشاغل کیا ہیں ؟

15. یہ تو طے ہے کہ دُنیا میں ہر اِنسان کو غصہ آتا ہے مگر کیا آپ یہ بتانا پسند کریں گے کہ جب آنجناب کو غصہ آتا ہے تو کیا گل کھلاتے ہیں ؟

16. دوسروں کی خوشی آپ کے لیے کیا معنی رکھتی ہے؟ اور کیا آپ لوگوں کو خوش رکھنے کی کوشش کرتے ہیں ؟

17. ایسا کون سا کام ہےجس کو سرانجام دیکر آپ کو قلبی مسرت ہوتی ہے؟

18. زندگی میں تمام رشتے اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے مگر ان میں سے کون سی ہستی آپ کے دِل پر ناز کرتی ہے؟

19. ایسی کون سی باتیں ہیں جو آپ کو اچھی نہیں*لگتیں؟

20. آپ کو اپنی کون سی عادت انتہائی ناگوار لگتی ہے؟

21. حُسن، دولت ، شہرت اور عزت میں سےکسی ایک کا انتخاب کریں؟

22. کیا آپ کو روزمرہ دوست بنانے اچھے لگتے ہیں یا جو پہلے سے ہیں ان کے ساتھ دوستی نبھانا؟

23. آپ پریشان ہوں تو کیا کرتے ہیں ؟

24. فارغ وقت میں آپ کیا کرنا پسند فرماتے ہیں؟

26- آپ کے پسندیدہ رکن کون ہے؟

27. اردومنظر میں وہ کون سے رُکن ہیں جن کی تحریر آپ پر اثر رکھتی ہے؟

28. اردو منظر سے آپ کو کیا فائدہ پہنچا ؟

29. اردو منظر پر آپ اب تک فعال رہنے کا راز کیا ہے جبکہ نیٹ کی دُنیا اتنی وسیع ہے، اِسے ترک کرکے کہیں اور کیوں نہیں گئے ؟

30. کسی کے ساتھ پہلی مُلاقات میں آپ سامنے والے میں کیا ملاحظہ کرتے ہیں ؟

31. وہ کون ہے جسے آپ اپنی ہربات کے متعلق باخبر رکھتے ہیں ؟

32. اِس پُرفتن دور میں دُنیا کے مجموعی حالات کو دیکھ کر آپ کیا سوچتے ہیں؟

33. بچپن کو یاد کر کے خوش ہوتے ہیں یا اَفسردہ ؟

34. مسقبل میں کیا کچھ کرنے کا عزم رکھتے ہیں ہمیں بھی اس سے آگاہ کیجئے ہوسکتا ہے آپ کو اِس مجلس سے کوئی ہمنوا مل جائے ؟

35. ایک پیغام جو آپ اردو منظر/ ارکینِ اُردو منظر کے نام کرنا چاہیں؟

عبادت
04-26-2012, 03:32 PM
واقعی مس سیما نے وسیع انٹریو لکھا
اب بے باک جی کی باری ہے جواب دینے کی
ہمممممممممممممممممممممممم مم:11_1_211v[1]:

:Ghelyon:

نگار
04-26-2012, 03:41 PM
مجھے تو بے باک صاحب سے ہمدردی ہو گئی یہ انٹرویو کے سوالات
دیکھ کر۔۔
اتنا لمباااااااااااااااااااااا اااااااااااااا انٹرویو۔۔
:-/ :-/:-/

بےباک
04-26-2012, 07:22 PM
سوالات ذرا کم ہیں۔ سب دوست سوالات میں اپنی اپنی مرضی کا اضافہ کر سکتے ہیں۔ سوالات کے جواب دینے کے بعد تاکہ مزید سوالات سے بچ سکوں ،پڑھنے والے ایک ہی دفعہ سب کچھ جان لیں نا ، ۔۔
ہاہا۔
ویسے امتحانی پرچہ کافی مشکل ہے ، اب اس کو مرکزی سوال نامہ بنا کر سب یوزر سے پوچھنا ھو گا ، اس کو اس طرح ترتیب دیں ،کہ ایک مشترکہ سوال نامہ بن جائے۔
تاکہ وہ سوال نامہ سب پر فٹ ھو سکے ، اس کو فورم کے سب نیے ممبران کے لیے رکھیں گے ،
کیا خیال ہے ؟؟؟؟

نگار
04-26-2012, 07:43 PM
واقعی یہ بات ٹھیک ہے تاکہ سب کو یہ زہر پینا پڑے۔
ویسے جو رکن پرچہ لکھتا ہے تو سب سے پہلے وہی
حل بھی کرتا ہے...

:rulez: :rulez:

نگار
04-28-2012, 11:13 AM
ھاھاھاھاھاھاھا

جب تک میرا نمبر آ ئے گا میں 9 2 11 ہو جاؤنگا

نگار
04-28-2012, 06:08 PM
ڈون کا انتظار تو گیارہ ملکون کی پولیس کر رہی ہے لیکن ڈون کو پکڑنا مشکل
ہی نہیں ناممکن ہے

نگار
04-28-2012, 06:16 PM
اسکا ویٹ کتنا ہوگا ؟؟؟

نگار
04-28-2012, 06:20 PM
اوکے جی

مجھ سے اگر زندگی مین کوئی کام نہیں ہوتا تو وہ ہے انتظار
انکل کے آنے کا لڑی کہیں دور نکل چکی ہوگی

:wind14: :wind14:

بےباک
04-30-2012, 01:27 PM
السلام علیکم ،
سب سے پہلے معذرت ، میں سفر پر تھا ، اس لیے بروقت جواب نہ دے سکا ، گذشتہ دس دن سے میں جدہ آیا ہوا ہوں ، اور یہاں نیٹ ورک کا مسلہ ہے ،
الحمد للہ ، مجھے اس دوران عمرے کی سعادت نصیب ہو گئی ۔ سب دوستوں اور مہربانوں کے لیے خوب دعائیں کیں ، اللہ تعالی سے مقبولیت کی سو فیصد توقع ہے ، کیونکہ دعائیں صدق دل سے کی گئی ہیں ، اور صدق دل سے کی ہوئی دعائیں ہمیشہ قبول ہوتی ہیں ،
۔۔
آج ہی کوشش کروں گا کہ سوال نامہ حل کر دیا جائے ،
شکریہ

بےباک
04-30-2012, 05:31 PM
1. آپ کا مکمل اِسمِ گرامی ؟
میرا نام گھر والوں نے جو رکھا اور کاغذات میں جو موجود ہے محمد یونس ولد فضل الہی ہے ، (عزیز تخلص رکھا تھا کالج میں ۔اطلاعا عرض ہے )
2. آپ کی تاریخِ پیدائش ؟
تاریخ پیدائش جو کاغذات میں درج کرائی گئی ، وہ 2 جنوری 1952 ہے ، لیکن تاریخ پیدائش یہ نہیں ہے ، البتہ یہ قریب ترین ہے وہ سکول میں داخلہ کے وقت استاد محترم نے والدہ سے پوچھ کر لکھی ۔ کہ کیا بچہ 5 سال کا ہو گیا ہے؟؟ اس کو سکول میں داخل کر سکیں ؟؟؟، اس سوال کے جواب میں جو اندازے بتائے گئے تھے اس کے بعد استاد نے میرے چہرے کو دیکھ کر یہی سمجھا کہ بچہ پانچ سال کا ہو گیا ہے اور داخلِ مدرسہ کرنے کے قابل ہے ۔لہذا اس نے حساب جوڑ کر بتایا کہ سردیوں میں بچہ پیدا ہوا ہے تو جنوری بہترین سردی کا سیزن ہوتا ہے ،اس نے جنوری تجویز کیا اور پھر گھر والوں نے استاد کی بات پر اعتراض بالکل نہیں کیا ،
3. کیا آپ پاکستان میں اقامت پذیر ہیں ؟ نہیں تو پھر کس ملک اور شہر میں؟
میرا آبائی علاقہ دینہ ضلع جہلم کے پاس ہے ، شیر شاہ سوری کا بنایا ہوا قلعہ روہتاس میرے گاؤں سے چار کلو میٹر دور ہے ،
اس وقت روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب کے دارالخلافہ ریاض میں مقیم ہوں
4. آپ کی تعلیمی قابلیت کیا ہے ؟
طالب علم ھونے کے ناطے میں نے اتنی تعلیم ہی حاصل کی جتنی میسر حالات میں ممکن تھی ،
میں نے سیکنڈری سکول لاہور سے ممتاز نمبروں سے پاس کیا ، اس کے بعد لاہور سے گورنمنٹ انجنیرنگ کالج آف ٹیکنالوجی سے تین سالہ ڈپلومہ کیا تھا،
5. آپ کا پیشہ کیا ہے ؟ اگر طالب علم ہے تو کس شعبے میں اور کہاں زیرِ تعلیم ہیں ؟
میں اسوقت الیکٹریکل کا کام کرتا ہوں ،لیکن واپڈا میں نہیں ہوں کہ مجھے لوڈ شیڈنگ کا الزام دیا جا سکے ، طالب علم ہی ہوں دنیا سے سیکھتا رہتا ہوں ، اور جہاں سے بھی اچھی بات ملے یا کچھ عقل کی بات تو اسی کو مدرسہ سمجھ لیتا ہوں ۔
6. مالی اعتبار سے آپ کتنے مستحکم ہیں ؟ مضبوط درجہ، درمیانہ درجہ ، کمزور درجہ۔
مالی لحاظ سےالحمد للہ کافی لوگوں سے بہتر ہوں ، ماہانہ آمدنی سے جتنے پاؤں پھیلائے جا سکتے تھے اتنے ہی پھیلائے ،
مالی درجہ بندی کے دو طریقے ہوتے ہیں ، اطمینانِ قلب یا اضطرابِ قلب ، میرے نزدیک غنی وہ ہے جس کا نفس غنی ہو ،الحمد للہ مجھے اطمینانِ قلب اللہ تعالی نے عطا فرمایا ہے
7. والدین بقید حیات ہیں ؟
والد محترم میرے میٹرک کے امتحان کے بعد وفات پا چکے تھے ، والدہ محترمہ صاحبہ اس کے چند برسوں بعد انتقال فرما گئیں ،انا اللہ و انا الیہ راجعون ، اللہ تعالی مرحومین کے درجات بلند فرمائے ، اور ان کی مغفرت فرمائے ۔آمین
8. بہن بھائیوں میں آپ کا کونسا نمبر ہے ؟
میرا نمبر چوتھا ہے ، دو بڑی بہنیں وفات پا چکی ہیں ، اب بڑے بھائی کے بعد ایک مجھ سے چھوٹی بہن بقید حیات ہیں ،
9. آپ اجتماعیت پسند ہیں یا انفرادیت پسند؟
میں اجتماعیت کو پسند کرتا ہوں ، مجھے معاشرے سے سیکھنے کو ملتا ہے ، لیکن فضول یا بےہنگام ہجوم سے دور رھنا پسند کرتا ہوں ،
10. گرامی قدر کے مزاج میں نری سنجیدگی ہی سنجیدگی ہے یا مزاح بھی پایا جاتا ہے یا پھر دونوں وقت کی ضرورت کے لحاظ سے ؟
مزاج میں ان دو چیزوں سے ہٹ کر بھی چند چیزیں پائی جاتی ہیں ، غصہ اور رحم ، الحمد للہ میں ان چاروں مزاجوں کا حامل ہوں ، (یہاں حامل کا مطلب مرکب ہی سمجھیے گا )۔
11. کتنی زبانوں سے آپ کو آشنائی ہے اور کتنی پر عبور حاصل ہے ؟اور ان میں سے پسندیدہ کونسی ہے ؟
بنیادی طور پر میری زیادہ تعلیم اپنی قومی زبان میں ہوئی ، اور اسی پر عبور حاصل ہے ۔باقی انگریزی اور عربی حسب ضرورت سیکھی اور بولی ،
مجھے دو زبانیں بہترین اور اچھی لگتی ہیں ، اردو اور عربی ، البتہ عربی زبان جیسی وسعت کسی اور زبان میں نہیں دیکھی ،
12. اپنے پسندیدہ کھیلوں کے نام اور پسندیدگی کی وجہ ذکر کریں۔
سکول کے دور میں ہاکی کھیلی ، اس کے بعد ٹیکنیکل کالج والوں نے سپورٹس کا کوئی انتظام نہیں رکھا ہوا تھا ، اور ان دنوں میں روزانہ مریدکے سے بذریعہ ٹرین پڑھائی کے لیے لاہور آیا کرتا تھا ، اس لیے وقت بھی کم ملتا تھا ، البتہ گھر میں کیرم وغیرہ کھیل لیا کرتا تھا ، یا الیکٹریکل سرکٹس اور پزل وغیرہ شوق سے حل کرتا تھا ۔
13. اپنے من پسند کھانوں سے ہمیں بھی متعارف کروائیے ؟
ہاہاہا ، یہ کیسا سوال ہے ؟؟ :smiley-eatdrink020: ساتھ ہی بھوک کا احساس ہو گیا ، لیکن جواب دینا ضروری ہے ،اس لیے بھوک کو بھول کر لکھتا ہوں ، مجھے سبزیوں میں ساگ اور بھنڈی پیاز میں بھنی ہوئی ، اور مرغی اور بکرا دونو کا گوشت ۔ ھاتھ کی بنی ہوئی روٹی ، مکئی اور باجرہ بھی شوق سے پکوا کر کھاتا ہوں ، پینڈو بندہ ہوں ، اس لیے جو مل جائے کھا لیتا ہوں ، مگر تازہ بنوا کر کھانے میں خوشی محسوس کرتا ہوں ،
کہیں اس لیے تو نہیں پوچھ رہے کہ دعوت دینے کا پروگرام ہو ، ویسے یہ منہ مسور کی دال کھا سکتا ہے ، محاورہ یقینا سنا ہو گا “““یہ منہ اور مسور کی دال ““:smiley-eatdrink020:
14. آپ کے روزمرہ کے مشاغل کیا ہیں ؟
بہت تلخ ہیں بندہ مزدور کے اوقات ۔۔۔۔ وہی جو ایک مزدور کے ہوتے ہیں ، اس میں تبدیلی نہیں ہو سکتی ، البتہ ترتیب لکھ دیتا ہوں
، صبح کی نماز کے بعد عموما اخبارات وغیرہ نیٹ سے پڑھ لیتا ہوں ، اور اردو منظر اور اپنی میل وغیرہ دیکھ لیتا ہوں ،اس کے بعد ناشتہ اور پھر کام ، اور پھر دوپہر کوکھانے کے لیے اپنے بیٹوں کے گھر جاتا ہوں وھاں بچوں کے ساتھ کچھ دیر گپ شپ اور کھانا کھا کر واپس آ کر کچھ دیر آرام کرتا ہوں اور پھر ڈیوٹی ، رات کو اردو منظر کے چیٹ روم اور فورم کو وقت دیتا ہوں ۔باقی ان میں حسب ضرورت رد و بدل بھی ہو جاتا ہے ،
15. یہ تو طے ہے کہ دُنیا میں ہر اِنسان کو غصہ آتا ہے مگر کیا آپ یہ بتانا پسند کریں گے کہ جب آنجناب کو غصہ آتا ہے تو کیا گل کھلاتے ہیں ؟
ویسے سچ ہے کہ غصہ بھی آتا ہے ، مجھے غصہ دوسروں کی نسبت کم آتا ہے ، البتہ جب آتا ہے تو شدید آتا ہے ، عموما کنٹرول کرتا ہوں ،
چونکہ میرا مزاج بھی پاکستانی ہی ھے ، اور لوڈ شیڈنگ اور دوسرے مسائل اور ملکی حالات مجھ پر بھی اثر دکھاتے رہتے ہیں اس لیے بےبسی سے کڑھنا مزاج میں شامل ہو گیا ہے، اور اس لیے کبھی کبھی غصے والا لاوا اُبل ہی جاتا ہے ، اور پھر وہی ہوتا ہے جو پنجاب کے شہروں میں ہوتا ہےِ ۔۔
16. دوسروں کی خوشی آپ کے لیے کیا معنی رکھتی ہے؟ اور کیا آپ لوگوں کو خوش رکھنے کی کوشش کرتے ہیں ؟
میرے لیے یہ موضوع اہم ہے کہ میں کسی کو خوشی دے سکوں ، اس سلسلے میں کافی کوشش بھی کرتا ہوں بلکہ اپنی حدود سے بڑھ کر بھی کوشش کرتا ہوں ۔
17. ایسا کون سا کام ہےجس کو سرانجام دے کر آپ کو قلبی مسرت ہوتی ہے؟
عبادت اللہ تعالی کی طرف سے فرض ہے اس کو انجام دے کر خوشی ہوتی ہے ، البتہ ضرورت مند اور مظلوم کی مدد کر کے زیادہ خوشی ہوتی ہے ،
اس سلسلے میں بعض مواقع پر علم ہوا کہ ضرورت مند جھوٹا تھا ، تو کچھ دکھ بھی ہوتا ہے کہ بندے نے بےوقوف بنایا ، البتہ مجموعی طور پر
مجھے مدد کرنے میں خوشی ہوتی ہے ،
18. زندگی میں تمام رشتے اللہ تعالیٰ کی نعمت ہوتے ہیں مگر ان میں سے کون سی ہستی آپ کے دِل پر ناز کرتی ہے؟
یہ سوال اصل میں سارے سوالنامے کی جڑ ہے ، اس پر فیل اور پاس کا انحصار ہوتا ہے ، چونکہ دل پر ناز کرنے کے گہرے مطلب نکلتے ہیں ۔
الحمد للہ مسلمان ہوں اور سچ ہی لکھوں گا ۔ میرے دل پر بیوی کا راج اور اس پر ہمارا ناز ہوتا ہے ، باقی دادا اور نانا کہنے والے اور معصوم بچے بھی اس کا دوسرا جواب ہو سکتا ہے۔
19. ایسی کون سی باتیں ہیں جو آپ کو اچھی نہیں*لگتیں؟
مجھے جھوٹ اچھا نہیں لگتا لیکن اسوقت جب جھوٹ میری تعریف سے ہٹ کر ہو ۔مکاری اور فراڈ سے نفرت ہے ،
20. آپ کو اپنی کون سی عادت انتہائی ناگوار لگتی ہے؟
حد سے بڑھ کر دوسرے پراعتماد کرنا ، اور اس کی باتوں کو سچ سمجھ لینا ، اور اس کی مدد کے لیے فورا تیار ہو جانا ۔ لیکن سمجھنے کے باوجود بھی میں یہ عادت ترک نہ کر سکا ، بروقت کچھ کام نہ کرنا ان میں سستی روا رکھنا اور وقت کی بے قدری کرنا یہ عادات بری ہیں ،
21. حُسن، دولت ، شہرت اور عزت میں سےکسی ایک کا انتخاب کریں؟
ان چار میں سے عزت کا انتخاب کرنا میرے لیے باقی تین کی نسبت زیادہ اہم ہے ، ، ویسے سیاسی بیان اگر چاھیے تو چاروں ہی لازم اور ملزوم ہیں ،
22. کیا آپ کو روزمرہ دوست بنانے اچھے لگتے ہیں یا جو پہلے سے ہیں ان کے ساتھ دوستی نبھانا؟
دونو باتیں پسند ہیں ، البتہ پرانے دوستوں کی ہر بات کا علم ہوتا ہے کہ وہ کس طرح کے ہیں اور کہاں ان میں سچ موجود ہے اور کہاں چکر دے سکتے ہیں اس کی نسبت نئے کو پرکھنا بے حد دشوار ہے ،اور وقت طلب ہے ۔اگر مجھے کہا جائے کہ ترجیع کس کو دیں گے تو میں پرانے دوستوں کو ہی دوں گا ، اس لیے کہ ان پر اعتماد کیا جا سکتا ہے ، اور وہ بھی ہم پر اعتماد کرتے ہیں ۔
23. آپ پریشان ہوں تو کیا کرتے ہیں ؟
اگر تو کام کی نوعیت سے ہو تو کوشش کرتا ہوں کہ اس کام کو انجام دے دوں ، اور اگر میرے بس میں نہ ہو تو اللہ کی رضا پر راضی ہو جاتا ہوں ۔اور اسی رب العالمین سے مدد کا طالب ہو کر دعا کرتا ہوں ۔اے اللہ تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور تجھ سے ہی مدد مانگتے ہیں ،(ایاک نعبد و ایاک نستعین )۔
24. فارغ وقت میں آپ کیا کرنا پسند فرماتے ہیں؟
تاریخ ۔ تفسیر اور دیگر کتب پڑھنا اور فورم میں لکھنا ۔بیوی بچوں اور دوستوں کو فون کرنا ،ٹیلی ویژن دیکھنا۔ خبریں اور سیاسی پروگرام وغیرہ
26- آپ کے پسندیدہ رکن کون ہے؟
یہ سوال کچھ مشکل لگتا ہے ، لڑائی مت کرائیے ، مجھے سارے ارکان دل سے عزیز لگتے ہیں ،
البتہ مجھے متحرک اور لکھنے والے اچھے لگتے ہیں اور اس روشنی میں فیصلہ آسان ہو جاتا ہے ،
27. اردومنظر میں وہ کون سے رُکن ہیں جن کی تحریر آپ پر اثر رکھتی ہے؟
یہاں پر زیادہ تر دوست اپنی تحریریں کم لگاتے ہیں البتہ زیادہ ارکان تحریریں اکٹھی کرکے لگاتے ہیں جو ان کو پسند آتا ہے یا ان کو سمجھ آتی ہے ، میں بھی اکثر ایسا کرتا ہوں ، لکھائی کا کام اصل میں تخلیقی ہوتا ہے ۔ لکھنے والوں میں ایم اے رضا صاحب ہیں جو لکھتے ہیں ۔ نجم الحسن صاحب ، اور مدنی صاحب ہیں ، تانیہ۔ ناصر شاھین اور سیما فورم کو متحرک رکھتے ہیں ، اس لحاظ سے ان کا اپنا مقام ہے ،علی عمران صاحب وہ فورم کی دیکھ بھال اور دیگر امور انجام دیتے ہیں ، مجھے علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا یہ شعر اچھا لگتا ہے
فرد قائم ربط ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔ موج ہے دریا میں اور بیرونِ دریا کچھ نہیں۔۔
اس لیے میرے لیے سب ہی اہم ہیں ۔
28. اردو منظر سے آپ کو کیا فائدہ پہنچا ؟
مجھے اردو منظر سے مجھے بے شمار بہترین دوست ملے ، جن سے میں نے کافی سیکھا،
عام حالت میں شاید میں ان تک پہنچ ہی نہ سکتا تھا ،اور اس سے معاشرے کو سمجھنے میں مدد ملی ۔
29. اردو منظر پر آپ اب تک فعال رہنے کا راز کیا ہے جبکہ نیٹ کی دُنیا اتنی وسیع ہے، اِسے ترک کرکے کہیں اور کیوں نہیں گئے ؟
ویسے میں کئی فورم پر ممبر رہ کر ادھر آیا اور ادھر کا ہی ہو گیا ، اس کی ایک ہی وجہ ہے کہ جس طرح ہر ماں کو اپنا پہلوٹھی کا بیٹا پیارا لگتا ہے اسی طرح اردو منظر میرے لیے وہی درجہ رکھتا ہے ، اس لیے اس کے فروغ کے لیے ہر طرح کوشش کرتا رہتا ہوں ، ویسے اس کی اسلامی لحاظ سے آبیاری کرنے میں مجھے دینی اور دنیاوی دونو خوشیاں حاصل ہوتی ہیں ۔
30. کسی کے ساتھ پہلی مُلاقات میں آپ سامنے والے میں کیا ملاحظہ کرتے ہیں ؟
۔۔ میں نے کیا ملاحظہ کرنا ہے ؟؟؟؟، وہ صاحب مجھے دیکھتے رہتے ہیں کہ ہم اس کو جوان سمجھے تھے یہ کیا نکلے ۔ بڑی ہی مشکل سے یقین دلاتا ہوں کہ میں وہی ہوں ۔ہاہا ہا ہا۔
ویسے کوشش کرتا ہوں کہ وہ صاحب زیادہ سے زیادہ بولیں ، تاکہ اس کے بعد مجھے بولنے کا حق ملے اور پھر ہمارا تعلق پختہ ہو جائے۔۔۔۔
31. وہ کون ہے جسے آپ اپنی ہر بات کے متعلق باخبر رکھتے ہیں ؟
وہ اللہ تعالی ہی ہیں، سو فیصد صرف اللہ تعالی کی ہستی ہے جسے میری ہر بات کا علم ہے ، البتہ سب سے زیادہ بیوی بہتر جانتی ہے ، کیونکہ گھر میں وہ میرے سچ ، جھوٹ اور کردار کو دیکھتی ہے ۔اور مجھے اپنی سچائی بیان کرنے کے لیے اسے یقین نہیں دلانا پڑتا ،
32. اِس پُرفتن دور میں دُنیا کے مجموعی حالات کو دیکھ کر آپ کیا سوچتے ہیں؟
یہی کہ منافقت اور دہرا معیار ہر جگہ سیاست بن چکا ہے اور مکاری اور خود غرضی میں اچھے برے کی پہچان مشکل ترین ہو گئی ہے ،
اور سچے لوگوں کو اب پہچاننا اور ان تک پہچنا مشکل ترین ہو گیا ہے ۔
33. بچپن کو یاد کر کے خوش ہوتے ہیں یا اَفسردہ ؟
اچھی باتیں یاد کرکے خوش ہوتا ہوں ، اور اپنی کمزوریوں کو یاد کر کے افسردہ بھی ہوتا ہوں ، زندگی میں دونو پہلو ساتھ ساتھ ہیں ۔
34. مسقبل میں کیا کچھ کرنے کا عزم رکھتے ہیں ہمیں بھی اس سے آگاہ کیجئے ہوسکتا ہے آپ کو اِس مجلس سے کوئی ہمنوا مل جائے ؟
میں قرآن اور حدیث کے لیے ایک ویب مختص کرنا چاہتا ہوں ، اس مین سب کچھ شامل ہو جائے جو ایک مسلمان کے لیے ضروری ہو ،
اس سلسلے میں مجھے اگر ساتھی مل جائیں ،تو میرے لیے خوشی کا مقام ہو گا ، اور دوسری بات یہ کہ معیاری فورم جہاں بھی ہوں ہم ان کی مدد کریں ۔ اور آپس میں یک جہتی رہے ،
35. ایک پیغام جو آپ اردو منظر/ ارکانِ اُردو منظر کے نام کرنا چاہیں؟
اردو منظر کے سب ارکان کے لیے اور چیٹ روم کے دوستوں کے لیے یہ پیغام ہے کہ کسی موقع پر دل گرفتہ مت ہوں ، اور اسلام کی تعلیمات کو سچا سمجھتے ہوئے ، اس کی تعلیمات کو عام کرنے کی کوشش کریں ۔ اخلاق ،محبت اور میانہ روی کو اختیار کریں ، ایک دوسرے کی خامیاں اور غلطیوں کو نظر انداز کریں ، اور ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ آپ سب کی پہچان اردو منظر ہو گا ، اور اللہ تعالی ہمیں اپنے دین کے لیے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے ، آمین ،
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

نوٹ :مجھے نگار صاحب نے آج مشورہ دیا کہ جلدی جواب دوں ، میں نے کہا جدہ میں نیٹ میں مسائل ہیں ، جواب شافی اور کافی نہیں ہو سکیں گے ، لہذا ریاض واپس پہنچنے تک صبر کریں ، مگر ان کا اصرار تھا ، کہ وہ انتظار نہیں کر سکتے ، تب جا کر مجھے احساس ہوا کہ بندے نے بالکل سچ کہا ، یہی اکیلا تو نہیں ہو سکتا ،باقی بھی دوست انتظار کر رہے ہوں گے ، لہذا جلدی جلدی اس سوال نامہ کا جواب نامہ مکمل کیا ،
آپ سب کا بے حد شکر گزار ہوں کہ اتنا لمبا انٹرویو آپ نے پڑھا ، اب آپ گاجر کا یا گنے کا جوس لے کر پئیں تاکہ کچھ ٹھنڈک کا احساس رہے ،
بل کی فکر نہ کریں ، اگلا بجٹ آ رھا ہے اس میں سے خرچ لیں گے ، فی امان اللہ

نگار
04-30-2012, 06:16 PM
پہلے تو میری طرف سے عمرہ بہت بہت بہت مبارک ہواور بہت بہت شکریہ بے باک صاحب۔جس کمال سے اور خوبصورتی سے آپ نے انٹرویو دیا ہے بے شک وہ داد کے قابل ہے۔۔
انٹرویو میں فیل اور پاس ہونے کا فیصلہ تو وہ کرینگی جس سے نے یہ پرچہ بنایا تھا۔۔میری طرف سے تو آپ نے 100 میں سے 105 نمبر لیے ہیں یہ پانچ نمبر صفائی کے ہیں کہ بہت خوشخط لکھا۔
( والد محترم میرے میٹرک کے امتحان کے بعد وفات پا چکے تھے ، والدہ محترمہ صاحبہ اس کے چند برسوں بعد انتقال فرما گئیں ،انا اللہ و انا الیہ راجعون ، اللہ تعالی مرحومین کے درجات بلند فرمائے ، اور ان کی مغفرت فرمائے ۔آمین )
آمین ثمہ آمین
___________
واقعی پہلے میں بھی یہ سمجھتا تھا کہ یہ بے باک مجھ سے بھی بہت چھوٹا ہوگا اور یقین جانئیے کہ اب تک یہ یقین نہیں ہوتا کہ آپ اتنے عمر کے ہیں۔۔جب بھی
آپ مجھ سے باتیں کرتے تھے تو میں نے ہر بار اندازہ لگایا کہ کیا واقعی بے باک
صاحب بوڑھے ہیں لیکن آپکی آواز بھی کسی جوان سے کم نہیں ( ماشاءاللہ )
شائد یہ لسی پینے کا اثر ہے جو آپ ابھی تک اتنا تازہ دم ہیں :smiley-computer005:
میری دعا ہے کہ اللہ آپ کا سایہ ہمیشہ آپکے بچوں پہ رکھے اور دنیا جہان کی
خوشیاں آپکو نصیب کرے اور دنیا و آخرت کی کامیابی آپکے قدم چومیں۔۔
آمین ثم آمین۔۔۔
بہت شکریہ
والسلام



ہاں میں نے بے باک سے گزارش کی تھی کہ آپ انٹرویو دے دیں۔لیکن اُسکا بہت فائدہ ہوا کہ بے باک صاحب کے بارے میں جانکاری ہوئی کہ ماشاءاللہ کمال کی شخصیت ہیں۔اگر بے باک صاحب انٹرویو کے لیے نہ آتے تو شائد یہ لڑی جاپان میں ہوتی۔۔ھاھاھاھاھاھاھاھا
اب میں بھی محترمہ سیما آنٹی سے درخواست کرونگا کہ وہ آئیں اور بے باک صاحب کو پہلا انعام دے دیں۔۔اور مجھے دوسرا کیونکہ میں انکل کو کلاس روم تک لایا تھا۔ہاں جی۔
:rulez: :rulez:

سیما
05-01-2012, 04:47 AM
السلام علیکم
بہت بہت مبارک ہو آپکو (عمرہ )اللہ جی قبول کریے آمین ثم آمین
اور آپکا انڑویو تو زبردست ہے۔ کیا لکھا آپ نے ماشاء اللہ اور بہت بہت شکریہ آپ نے جواب جلدی دیا ویسے ہم سب کو بہت انتظار تھا
مجھے بہت لکھنا آتا نھی ۔ ورنہ میں اور تعریف کرتی آپ کی ۔۔
اور ہیلپ لائن کا شکریہ ادا کرتی ہون جنہوں نے اس انڑویو پر محنت کی اور بہترین لکھا شکریہ ناصر شاہین بھائی
اور نگار بھانجے کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں ۔ جنہوں نے جلدی کروائی انکل جی کو انٹرویو کے لیے
ویلڈن آپ سب کے لیے بہت

بےباک
05-01-2012, 11:14 AM
شکریہ نگار صاحب ،

واقعی پہلے میں بھی یہ سمجھتا تھا کہ یہ بے باک مجھ سے بھی بہت چھوٹا ہوگا اور یقین جانئیے کہ اب تک یہ یقین نہیں ہوتا کہ آپ اتنے عمر کے ہیں۔۔جب بھی
آپ مجھ سے باتیں کرتے تھے تو میں نے ہر بار اندازہ لگایا کہ کیا واقعی بے باک
صاحب بوڑھے ہیں لیکن آپکی آواز بھی کسی جوان سے کم نہیں ( ماشاءاللہ )
شائد یہ لسی پینے کا اثر ہے جو آپ ابھی تک اتنا تازہ دم ہیں -

لسی والی بات بھی خوب کہی ، اس پر مجھے وہ بات یاد آ گئی ، جس کی وجہ سے لسی کا ذکر ہوتا ہے ،
ایک چیٹ روم میں سب پڑھے لکھے جوان موجود تھے ، کسی نے سوشیالوجی میں ماسٹر کیا ہوا تھا ، اور کوئی فنانس میں ایم بی اے تھا ،اور کسی نے ڈبل ایم اے کیا ہوا تھا ، اور کسی نے بی اے ۔۔مجھ سے پوچھا گیا کہ آپ نے کیا تعلیم حاصل کی ہے ؟؟، تو مزاحا میں نے کہہ دیا کہ میں نے لسیالوجی میں پی ایچ ڈی کی ہے ،انہوں نے ڈگری کے نام کی طرف غور کم کیا ،الٹا مجھ سے سوال کیا کہ کون سی یونیورسٹی سے ، تو میں نے انہیں کہا بلھڑ یونیورسٹی فیصل آباد سے ،کہنے لگے وہ فیصل آباد میں کہاں پر موجود ہے ، تو میں نے کہا وہ بلھڑ صاحب کی گاڑی کی ڈگی میں یونیورسٹی موجود ہے ۔ پھر میں نے انہیں وہ قصہ سنایا جس کو 1970 یا 1971 کے زمانے کے دوستوں کو یاد ہو گا ، ایک بڑے اخبار میں ایک مکمل صفحہ رنگین طباعت میں بلھڑ یونیورسٹی کے بارے شائع ہوا تھا ،ان دنوں فیصل آباد سے کافی سارے لوگ ایم اے اور بی اے کر کے نوکریوں کی تلاش میں گھوم رہے تھے ،جس سے پوچھو کہ کہاں سے تعلیم حاصل کی تو وہ کہے بلُھڑ یونیورسٹی سے ،، سرکاری ادارے اور پولیس کو علم ہوا کہ ہر تیسرا بندہ بلھڑ یونیورسٹی کا تعلیم یافتہ ہے تو ان کو بلھڑ یونیورسٹی کا کھوج لگانا پڑا ۔ جہاں کے تعلیم یافتہ ڈگریوں والے ہیں ، تو اس کے مالک اقبال بلھڑ صاحب کی تلاش شروع ہوئی جو سرکارِ کار میں مدد فرما رہے تھے ،اور پاکستان کا تعلیمی معیار بہتر فرما رہے تھے ۔آخر اقبال بلھڑ صاحب ایک دن سی آئی ڈی کے ہتھے لگ گئے ، انہوں نے اس کو قید کی سزا دلانے کے لیے تحقیقات کیں اور کیس عدالت میں لے جانا چاھا تو بلھڑ صاحب نے ایک لمبی لسٹ نکال کر تحقیق کرنے والوں کے سامنے رکھی ، کہ آپ مجھ پر کچھ ثابت نہیں کر سکیں گے اور نہ ہی سزا دلوا سکیں گے ۔ کیونکہ سرکار کے کئی محکموں میں یہ آٹھ دس ھزار انسان بلھڑ یونیورسٹی کے تعلیم یافتہ ہیں ، جن میں وکیل ، جج ، پولیس والے آفیسران اور ایم این اے ، اور نامعلوم کتنے بڑے بڑے بندوں کے نام آئے ، کہ سی آئی ڈی والوں نے اس اقبال بُلھڑ کی بات سن کر جب تحقیق کی تو ان کے ہوش اڑ گئے ، ان کے بھی کچھ آفیسران بلھڑ یونیورسٹی کے تعلیم یافتہ تھے ،بس پھر کیا تھا سب معاملہ رفع دفع ہو گیا ، بس اس شخص کی یونیورسٹی بند کرا دی ،سزا نہ دلوا سکے ،جیسا کہ اس طرح کے معاملات میں وطن عزیز میں ہوتا آیا ہے بس اس کو پنجاب کے صوبے سے نکال دیا گیا ۔یعنی صرف صوبہ بدری کی سزا دے سکے ، اور وہ بھی مختصر مدت تک ،ہاہاہاہا ۔
مگر اس ایک شخص نے وہ کام کر دکھایا جو آج تک کوئی نہ کر سکا ، آج کل اس کے شاگردوں اور چیلوں نے اسی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پورے ملک پاکستان میں بلکہ بیرونِ ملک بھی لٹریسی ریٹ کو بڑھانے میں یاد گار کام کیا ہے کہ ہماری آدھی پارلیمنٹ اور آدھی سے زیادہ سینٹ ان بلھڑ یونیورسٹی جیسے اداروں کی ہی تعلیم یافتہ ہے ،یقین نہ آئے تو پچھلے کئی سالوں سے جعلی ڈگری کیس کی ساری رپورٹیں پڑھ لیں ، جب وہ سب کامیاب ہو سکتے ہیں تو بلھڑ یونیورسٹی کا فارغ التحصیل لسیالوجی کا ڈاکٹر بے باک کیوں نہیں کامیاب ہو سکتا ،، آج بھی دیکھ لیں فیصل آباد کا علاقہ کتنا زرخیز ہے ،بلکہ زرعی یونیورسٹی بھی یہاں ہے ، ہر ترقی اسی فیصل آباد (مانچسٹر )سے شروع ہوتی ھے ۔۔:tongue38::tongue38::tongue38::tongue38:ہاہ ااہاہاہا

سرحدی
05-01-2012, 03:36 PM
بے باک بھائی، کیا شاندار انٹرویو دیا ہے (ماشاء اللہ) بہت زبردست طریقے سے اپنا تعارف مختصر مگر جامع الفاظ میں تحریر کیا۔
آپ کا انٹرویو پڑھتے ہوئے مجھے ماضی کے وہ پندرہ بیس منٹ یاد آگئے جس میں آپ سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا تھا۔
آپ نے بالکل درست فرمایا کہ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ آپ جوان ہیں لیکن جب دیکھتے ہیں تو یقین نہیں آتا، ایسا کچھ معاملہ میرے ساتھ بھی ہوا، جب آپ کا فون آیا اور میں موٹر سائیکل پر صدر کی طرف رواں دواں تھا تو بار بار یہ خیال آتا کہ آپ کیسے ہوں گے،لیکن جب آپ پر نظر پڑی تو یقین نہیں آرہا تھا کہ یہ آپ ہیں، مردانہ وجاہت کی جھلک واضح دکھائی دی۔
بہر حال، ایک مختصر لیکن خلوص اور محبت بھری ملاقات آپ سے کی، اللہ تعالیٰ آپ کی زندگی ، صحت اور عزت و آبرو میں برکت عطا فرمائے۔آمین
والدین انسان کے سر پر اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے، لیکن چوں کہ ہر انسان کا دنیا میں آنا اس جہانِ فانی سے جانے کی تمہید ہے اس لیے کسی کو روکنا ہمارے بس میں نہیں۔
اللہ تعالیٰ آپ کے والدین کی مغفرت فرمائے، ان کے قبور کو اپنی رحمت کے نور سے منور فرمائے، اپنی خاص رحمت ان پر نازل فرمائے ۔ آمین
جزاک اللہ بے باک بھائی، اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے، بہت شاندار انٹر ویو دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انٹرویو بنانے والوں کی تعریف نہ کی جائے تو یقیناً یہ کنجوسی میں شمار ہوگا۔ بہت اچھے طریقے سے سوالات پوچھے گئے اور یقیناً ایک مکمل انٹرویو لیا گیا۔
میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں

تانیہ
05-01-2012, 05:08 PM
بےباک جی کی شخصیت کسی تعارف کے محتاج نہیں پھر بھی انٹرویو پڑھنے کا بہت مزا آیا
ہاہا بےباک جی زبردست انٹرویو کے لیے بہت شکریہ
اور ان ساتھیوں کا بھی شکریہ جنہوں نے اس کے لیے اہتمام کیا

بےباک
05-01-2012, 09:28 PM
السلام علیکم
بہت بہت مبارک ہو آپکو (عمرہ )اللہ جی قبول کریے آمین ثم آمین
اور آپکا انڑویو تو زبردست ہے۔ کیا لکھا آپ نے ماشاء اللہ اور بہت بہت شکریہ آپ نے جواب جلدی دیا ویسے ہم سب کو بہت انتظار تھا
مجھے بہت لکھنا آتا نھی ۔ ورنہ میں اور تعریف کرتی آپ کی ۔۔
اور ہیلپ لائن کا شکریہ ادا کرتی ہون جنہوں نے اس انڑویو پر محنت کی اور بہترین لکھا شکریہ ناصر شاہین بھائی
اور نگار بھانجے کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں ۔ جہنوں نے جلدی کروائی انکل جی کو انٹرویو کے لیے
ویلڈن آپ سب کے لیے بہت

شہزادی سیما صاحبہ اور محترم ناصر شاھین صاحب کا خصوصی شکرگزار ہوں ، اور آپ سب کے لیے عمرے کے وقت خوب دعائیں بھی کی ہیں ،
ناصر شاھین صاحب کا بھی انٹرویو لینا ہے ، اور اب باقی سب کے انٹرویو باری باری ضرور لینے ہیں
نگار نے مجھے سو میں سے 105 نمبر دیے ، یہ لگتا ہے بزنس مین ہے ، کاروباری سوچ کے ساتھ لکھا ،ہاہاہاہاا
مجھے بونس پوائینٹ دینے پرنگار بھائی آپ کا بہت بہت شکریہ ،
ویسے اگر مسور کی دال کھانے کو ملی تو آپ سب کو ضرور دعوت دوں گا ، دال پکانے کے لیے لکڑیاں کاٹ لوں ،:smiley-chores017: ۔ :smiley-chores017:گیس تو مہیا ہی نہیں ہے ،

محمدمعروف
05-01-2012, 10:30 PM
بہت خوب جوابات دیے ہیں پڑھ کر بہت مسرور ہوا۔

نجم الحسن
05-01-2012, 11:04 PM
میں قرآن اور حدیث کے لیے ایک ویب مختص کرنا چاہتا ہوں ، اس مین سب کچھ شامل ہو جائے جو ایک مسلمان کے لیے ضروری ہو۔
اس کے لیے حتی الوسع جو کام مجھ سے ہوسکا ان شاء اللہ ضرور کرگزروں گا ،

این اے ناصر
05-02-2012, 06:07 AM
بےباک جی کی شخصیت کسی تعارف کے محتاج نہیں پھر بھی انٹرویو پڑھنے کا بہت مزا آیا۔
پہلے توسیماسس کامشکورہوں کہ اس نے اس سلسلے کوشروع کیااورپھراسے عملی جامعہ پہنایا۔
انکل اپ کابھی بہت بہت شکریہ کہ اپ نے ہماری فرمائش پوری کی اوراپناقیمتی وقت نکالا، ہماری اس محفل کورونق بخشی۔

ہاں ایک مجھے بہت دلچسپ لگ رہی ہے کہ کیوں نہ اس سلسلے کوجاری رکھاجائے۔ اورباری باری سب کاانٹرویوکیاجائے۔ اس کے لیے میں شیڈول بنارہاہوں۔ میرے خیال میں پہلے منتظم ٹیم اورپھرموڈریٹرزپھرممبرزکاا نٹرویوہوناچاہیے۔ اوراب باری ہے ۔

تانیہ سس کی ۔ اس کے لیے تھوڑی تیاری کرلوں پھرگجرات پہنچتاہوں۔

سیماسس اپ کوبھی معاف نہیں کیا۔ باری انے پراپ کاانٹرویوبھی ضرورہوگا۔ اب :wind14: کہیں بھاگ نہ جانا۔ اس لیے یہ میری کار:wind14: ہروقت آپ کاپیچھاکرتی رہے گی۔

انکل بے باک اورسیماسس اپ دونوں کاایک بارپھربہت بہت شکریہ۔

الکرم
05-02-2012, 06:32 PM
کمال کا انٹر ویو ہے بے باک جی کا
بُہت خوبصورت
اور کمنٹس بھی خوب دیے گئے
سب ساتھی خوش رہیں

admin
05-02-2012, 08:33 PM
اور میں ان سب انٹرویوز کو خاص موضوع کی جگہ دیتا جاؤں گا تاکہ گپ شپ سیکشن میں داخل ہوتے ہی یہ سب کے سامنے رہیں:Ghelyon:

گلاب خان
05-04-2012, 11:01 AM
واہ جی واہ ، بےباک صاحب کا انٹرویو بہت شاندار تھا ، دل خوش ہو گیا ،
اللہ تعالی آپ پر اپنی رحمت فرمائے ۔ اور ہمارے لیے بھی دعا کریں ،:roseanimr:

admin
05-05-2012, 10:11 PM
انٹرویوز کا سلسلہ بہت اچھا لگا اس لئے اس سلسلے میں ایک مستقل لڑی بنا دی گئی ہے۔ اب کھل کر کھیلو۔۔۔۔۔۔۔۔۔:smiley-eatdrink020:

سقراط
05-06-2012, 02:12 AM
یہ انٹر ویو تھا یا کسی خفیہ ایجنسی کی جانب سے کسی واردات کی تفتیش اسکو تو پڑھ کر چکر آنے لگے
خبر دار جو کسی نے اب اس نئے انداز کی جاسوسی کی:290:

بےباک
05-07-2012, 10:10 AM
یہ انٹر ویو تھا یا کسی خفیہ ایجنسی کی جانب سے کسی واردات کی تفتیش اسکو تو پڑھ کر چکر آنے لگے
خبر دار جو کسی نے اب اس نئے انداز کی جاسوسی کی:290:

ہاہاہا ، یہ ابھی مکمل جاسوس نہیں ہیں ، کافی سوالات انہوں نے پوچھے ہی نہیں۔۔

انجم رشید
05-08-2012, 08:41 AM
السلام علیکم ۔
بہت خوب بے باک بھای کا انٹرویو بہت اچھا لگا بہت سی باتوں کا پہلے ہی علم تھا اب کچھ اور معلومات ملیں بے باک بھای کے بارے میں ھھھھھھھھھھھھھھھھھھھا بھلڑ یونیورسٹی کا پڑھ کر بہت خوشی ہوی رہی فیصل آباد کی زمین تو یہاں کی مٹی بہت زرخیز ہے
سوال نامہ تیار کرنے والی ٹیم کو مبارک باد بہت اچھے سوال کیے ہیں ۔
وسلام

طارق راحیل
05-13-2012, 02:15 PM
شکریہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جاذبہ
01-16-2014, 10:45 PM
بہت اچھاانٹرویو دیا ہے بے باک جی آپ نے - آپکے بارے میں جان کر دلی مسرت ہوئ - آپکا ظریفانہ انداز میرے لیے توجہ کا باعث رہا - بلا شبہ آپکو الفاظ پرو کر مالا بنانا خوب آتا ہے - اللہ اپکی دین و دنیا دونوں آسان فرمائے -آپکے علم کو وسعت عطا کرئے - آمین
مجھے بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں -

بےباک
01-17-2014, 05:07 AM
شکریہ ، آپ نے بڑا ہی ظریفانہ خطاب دیا ہے ، مابدولت خوش ہوئے ،
ویسے باقی احباب کے انٹرویو بھی دیکھئے ، ایک سے بڑھ کر ایک ہیں ،
اور ہاں آپ بھی تیاری پکڑیے ، آپ کی باری بھی آ رہی ہے ، آخر آپ بھی اسی فورم کی ممبر ہیں ،
پھر دیکھیں گے تیل اور اس کی دھار ،:smiley-chores011: