PDA

View Full Version : ''مورنگا ''ایک کرشماتی پودا



محمدمعروف
05-31-2013, 08:52 AM
پروفیسر ڈاکٹر محمد اشفاق(تمغہ امتیاز)
پروفیسر ڈاکٹر شہزاد مقصود احمد بسرا
اللہ کے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک حدیث شریف ہے:
''اگر تمہارے ہاتھ میں بیج ہے اور اس کو بونے لگے تھے کہ خبر ملی کہ قیامت آنے کو ہے اور ہر چیز فنا ہوجائے گی تو بھی اس بیج کو بو دو '' (مسند احمد:13240)
''جو مومن بھی درخت لگائے گا جب تک انسان ، پرندے ، جانور اس سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے اس کے حق میں صدقہ جاریہ ہو گا'' (بخاری:6012)
کیا جادو اثر تھا ان الفاظ میں کہ فیصلہ کرتے پھر دیر نہ لگی اور ضمیر نے مخاطب کیا۔
''اٹھو! نکلو آفس سے اور اپنے پیارے نبیۖکی حدیث کو زندہ کر دو۔ لگائو اپنے ہاتھوں سے مورنگا، عام کر دو یہ کرشماتی پودا اپنے دیس میں۔مت انتظار کرواس وقت کا جب غذائی قلت ہو جائے اور کوئی انگریز، جاپانی، امریکی خیرات کے ساتھ پروفیسر بھیجے جو تیرے ہی وطن کے پودے کا تیرے ہم وطنوں کو تعارف کروائے۔ اس سے پہلے کہ کوئی عیسائی چرچ فوگلی (ایک امریکی زراعت پروفیسر )کو بھیجے ۔اٹھو، ہمت کرو اس قوم نے تم پر لاکھوں روپے خرچ کر کے، ساری دنیا گھوما کے پروفیسر بنایا ہے، اس کا حق ادا کرو۔ اگر لوگ تمہارا مزاح پڑھ لیتے ہیں، لطیفے سن لیتے ہیں توپیارے نبیۖ کی بات کیوں نہ سنیں گے۔''
پھرطلباء سے، ساتھی اساتذہ سے، گھر میں، کلاسوں میں، کانفرنسوں میں، ای میل، فیس بک، جب، جیسے اور جہاں ممکن ہوا مورنگا جسے ہم ''سہانجنا'' کہتے ہیں، کا تعارف شروع کر دیا کہ یہ میرے دیس کا پودا ہے۔ پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں بتدریج ختم ہو رہا ہے جبکہ جنوبی پنجاب میںاگرچہ سہانجنا عام ہے مگر اس کا استعمال صرف اس کے پھولوں کا لذیذ سالن اور جڑوں سے مولی کا اچار بنانے تک محدود ہے۔ لوگوں کو اس کے غذائی ، چارے ، طبی اور دیگر فوائد کا علم ہی نہیں۔ یہ پودا اس خطے سے پوری دنیا میں پھیلا اور کرشماتی پودا یا Miracle Treeکے نا م سے مشہور ہوا۔ اسے ناسا (NASA)یعنی امریکہ کے قومی ادارے نے 21ویں صدی کا پودا قرار دیا ۔اس کے پتوں میں وٹامن اے گاجر سے 4گنا ، وٹا من سی مالٹے سے 7گنا ، پروٹین دہی سے دوگنا ، کیلشیم دودھ سے دوگنا، پوٹاشیم کیلے سے 3گنا زیادہ ہوتی ہے۔ جبکہ کینسر ، TB ہیپاٹائیٹس ، شوگروغیر ہ سے بچاؤ کے لئے بیشمار اینٹی بائیوٹک، اینٹی الرجک اور دیگر ادویاتی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ اس کے بیج کا تیل زیتون کے تیل کی طرح بہترین کھانے کا تیل ہے ۔اس کے پھول اور پھلیاں غذائیت سے بھر پور اور لذیز ترین سبزیاں ہیں۔ سہانجنا کے پتوں کا عرق فصلوں پر سپرے کرنے سے پیداوار40%تک بڑھ جاتی ہے اور موسمی اور فضائی سختیوں کے خلاف قوت مدافعت بھی بڑھ جاتی ہے۔ اس کو چارے کے طور پر استعمال کرنے سے جانوروں کا دودھ 30,40%تک بڑھ جاتا ہے اور انہیں کسی قسم کے کھل بنولہ کی ضرورت نہیں رہتی ۔اس کے بیج سے پینے کا پانی صاف کیا جاتا ہے جس سے بیشترجراثیم مر جاتے ہیں، مٹی اور نقصان دہ دھاتیں نیچے بیٹھ جاتی ہیں۔ترقی یافتہ دنیا میں سہانجنا سے قدرتی غذائی ٹانک،انرجی ڈرنک، ادویات اور میک اپ کا سامان بنایا جاتا ہے۔ اس کے تیل سے گاڑیوں کا ایندھن بھی بنایا جا رہا ہے ۔جبکہ غریب ملکوں میں اِس کے خشک پتوں کا سفوف غذائی کمی کو پورا کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے جیسے فوگلی نے سینیگال میں کروایا۔
ہر کسی نے حیرت سے سنا اور پھرحدیث پاک کوسن کے سنت کو زندہ کرنے میں ہمارے ساتھی بنتے چلے گئے۔ چند ہی ہفتوں میں Facebook پر ایک بڑی تعداد میں رضا کار مل گئے۔طالب علموں نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا اور "Moringa For Life"نامی تنظیم معرض وجود میں آ گئی۔ پاکستان بھر کی زرعی یونیورسٹیوں ، ریسرچ اداروں میں سہانجناکا چرچا شروع ہوگیا۔ہمارے علاوہ بے شمار سائنسدانوں نے اس پر کام شروع کر دیا۔ کانفرنسوں ، یونیورسٹیوںاداروں، کالجوں اور سکولوں میں مجھے سہانجناکے تعارف کے لیے بلایا جانے لگا اور تنظیم کے رضاکاروں میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ چند ہفتوں میں ملک بھر سے اتنا بیج اکٹھا ہو گیا کہ سنبھالنا مشکل ہو گیا۔ تنظیم کے کارکنان نے ہزاروں کی تعداد میں پنیری تیار کر دی اورپورے ملک میں اس کی سپلائی جاری کردی۔ روزانہ بے شمار طالب علم، زرعی سائنسدان، زمیندار اور عام لوگ ہم سے رابطہ کررہے ہیں اور اس کے بارے میں معلومات حاصل کررہے ہیں۔ہماری توقعات سے کہیں بڑھ کرطلبہ و طلبات اور ہر طبقہ فکر کے لوگ اس میں شامل ہو رہے ہیں اورسہانجنا کے بارے آگاہی ہو رہی ہے۔جو کام فوگلی نے لاکھوں ڈالروں میں 1997-2004میں سینیگال میں کیا، میرے سوہنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے متوالوں نے ایک روپیہ کسی سے مانگے بغیر رضاکارانہ طور پرصرف تین مہینوں میں اس سے بڑھ کر کر دیا۔ ان شاء اللہ چند برسوں میں سہانجنا پاکستان کے ہر گھر میں موجود ہوگا اور ہر پاکستانی اس کے فوائد سے بھر پور مستفید ہو رہا ہو گا ۔
بشکریہ :ماہنامہ راہنمائے صحت فیصل آباد

سیما
06-03-2013, 03:08 AM
یقین نھی آتا اتنا اچھا پودا ہے اور سنُت بھی ہے ماشاء اللہ
بہت شکریہ آپکا