PDA

View Full Version : 2013ء میں کیمرہ فون مرکز نگاہ رہا



این اے ناصر
01-07-2014, 05:36 PM
2013ء میں کیمرہ فون مرکز نگاہ رہا

ٹیکنالوجی کے میدان میں نت نئی مصنوعات کے سبب مسابقت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ اب کسی ایک ڈیوائس کے سلسلے میں کسی ایک کمپنی کا نام زیادہ دیر تک سرفہرست نہیں رہ سکتا۔

لہٰذا اس میدان میں 2013ء کے لیے بہترین کی فہرست میں ڈیوائسز کی بجائے رحجانات کا ذکر کیا جائے تو زیادہ بہتر ہو گا۔ انہی شعبوں میں 2014ء کے دوران بھی مزید بہتری اور اختراعات متوقع ہیں۔

بہتر سے بہتر کیمرہ فون

کیمرہ فون اب اس حد تک بہتر ہو گئے ہیں کہ یہ بہت سے حالات میں علیحدہ سے دستیاب کیمروں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ بہترین کیمرہ فونز میں ایپل کا آئی فون فائیو ایس سرفہرست دکھائی دیتا ہے۔ اس کا آٹو فوکس بھی بہت عمدہ ہے، بھلے وہ حرکت کرتی ہوئی چیزوں کی تصویر لیتے ہوئے ہی کیوں نہ ہو۔ اس کے علاوہ اس کا امیج سینسر بھی اب سے قبل کے ماڈلز کے مقابلے میں بڑا ہے اور فلیش لائٹ بھی۔

نوکیا لومیا 1020 کا کیمرہ بھی اچھے موبائل کیمروں میں شمار کیا جا سکتا ہے۔ یہ دن کے علاوہ رات میں اور انڈور مناظر کی بہت عمدہ عکس بندی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے اندر ایسی ٹیکنالوجی موجود ہے، جس کے باعث تصویر کی کوالٹی بہتر ہو جاتی ہے۔ اس میں تصویر بنانے کے لیے مینوئل کنٹرول بھی موجود ہیں، جو عام طور پر موبائل فون کیمروں میں نہیں پائے جاتے۔

لوگوں میں موبائل فون کیمرے کے بڑھتے ہوئے استعمال کو دیکھتے ہوئے توقع یہی ہے کہ اگلے برس کے دوران بھی ان کو خوب سے خوب تر بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔

لمبے وقت تک چلنی والی بیٹریوں والے لیپ ٹاپس

لیپ ٹاپ استعمال کرنے والوں کو اکثر یہ شکایت رہتی ہے کہ لمبی فلائٹ یا کسی انتہائی اہم کام کے دوران بیٹری ختم ہونے کے باعث لیپ ٹاپ بند ہو جاتے ہیں۔ تاہم اب انٹیل نے اپنی نئی پراسیسر چپس کے باعث اس بات کے امکانات کو کافی حد تک کم کر دیا ہے۔ ہیس ویل Haswell نامی یہ پراسیسنگ چِپس بہت کم پاور استعمال کرتی ہیں۔ اب یہ ممکن ہو گیا ہے کہ آپ ایک مرتبہ چارج کی ہوئی بیٹری سے پورا دن اپنا لیپ ٹاپ استعمال کر سکیں گے۔

مثال کے طور پر ایپل کی 13 انچ اسکرین سائز کی حامل میک بُک ایئر کی بیٹری 12 گھنٹے تک کام کر سکتی ہے۔ اگر وائی فائی کو بند کر دیا جائے تو یہ وقت 14 گھنٹے تک بھی بڑھ سکتا ہے۔

ونڈوز ایٹ کی حامل مشینیں بھی آٹھ گھنٹے تک کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اس وقت Haswell چپس کے حامل لیپ ٹاپ کی قیمت ایک ہزار ڈالر سے شروع ہوتی ہے، تاہم اگلے برس کے دوران اس کی قیمت کم ہونے کی توقع ہے۔

انٹرنیٹ ٹیلی وژن

انٹرنیٹ کے ذریعے ٹیلی وژن دیکھنے کے اب بہت سے طریقے دستیاب ہیں۔ تاہم جب آپ اپنے کمپیوٹر یا ٹیبلٹ پر کسی ٹیلی وژن کی نشریات دیکھتے ہیں تو ایک طرح سے تسلی نہیں ہوتی۔ اب بہت سی ٹیلی وژن بنانے والی کمپنیاں اسمارٹ ٹیلی وژن بنا رہی ہیں، جو وائی فائی کے ذریعے انٹرنیٹ سے منسلک ہو جاتا ہے اور پھر آپ بہت سے ٹیلی وژن چینلز کو بذریعہ اسٹریمنگ اپنے اسمارٹ ٹی وی پر ہی دیکھ سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ آپ ایپل ٹی وی یا کروم کاسٹ یا پھر اپنے پلے اسٹیشن فور یا ایکس باکس ون کے ذریعے بھی انٹرنیٹ سے حاصل شدہ ویڈیو کو بڑی اسکرین پر منتقل کر کے روایتی ٹیلی وژن جیسا لطف اٹھا سکتے ہیں۔ اس میدان میں 2014ء کے دوران مزید بہتری کی توقع ہے۔