اللہ کے پیغمبر محمدﷺ رحمۃ اللعالمین ہیں

ایک مشہور واقعہ ہے کہ عدی بن حاتم کی بہن مسلمان ہوگئی تھی اور عدی نے خود عیسائی مذہب اختیار کرلیاتھا چنانچہ وہ روم چلے گئے۔ ان کی بہن نے کہا کہ بھائی جان! آپ بھی مدینہ آجائو۔ اللہ کے پیغمبر محمدﷺ رحمۃ اللعالمین ہیں، آپ کو کچھ نہیں کہیں گے۔ جب آپ مدینہ آئے تو رسول اکرمﷺ نماز سے فارغ ہونے کے بعد آپ کو اپنے ساتھ گھر لے گئے اور پوچھا ’’ عدی کس چیز سے بھاگ رہے ہو؟ اس دین میں داخل ہو جائو امن مل جائے گا۔ ‘‘پھر فرمایا’’ عدی آپ دیکھو گے وہ دن آئے گا جب یہاں کے مسلمان زکوٰۃ دینے کیلئے مستحق تلاش کریں گے تو کوئی زکوٰۃ لینے والا نہیں ہوگا۔ ایک عورت اونٹنی پر اکیلی نکلے گی اور بیت اللہ کا طواف کر کے واپس جائے گی اورکوئی میلی آنکھ سے دیکھنے والا نہیں ہوگا۔‘‘ عدی سوچ میں پڑگیا کہ یہ ڈاکو کہاں جائیں گے؟ کیا یہ سارے رہزن مر جائیں گے، جن کا رعب اس وقت عرب پر بیٹھا ہوا تھا؟ صحیح بخار ی میں ہے کہ عدی کہتے ہیں اللہ کی قسم میں نے اپنی آنکھوں سے وہ عورت دیکھی جس نے بیت اللہ کا سفر اور طواف کیا اور اس کو کسی بات کا خوف نہیں تھا۔ یہ امن اور عدل و انصاف کے ثمرات ہیں۔